ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پون کھیڑا نے سیبی چیئرپرسن کی حقیقت بے نقاب کی؛ مادھبی جی کے جھوٹ پر سوال اٹھایا

پون کھیڑا نے سیبی چیئرپرسن کی حقیقت بے نقاب کی؛ مادھبی جی کے جھوٹ پر سوال اٹھایا

Sun, 15 Sep 2024 12:46:55    S.O. News Service

نئی دہلی، 15/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) سیبی چیئرپرسن مادھبی پوری بُچ کے معاملے میں کانگریس پارٹی مسلسل تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔ پارٹی کے اعلیٰ رہنما نہ صرف مادھبی پوری بُچ بلکہ مختلف اداروں اور مودی حکومت پر بھی سوالات اٹھا رہے ہیں اور اس معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ آج ایک بار پھر کانگریس کے سینئر رہنما پون کھیڑا نے پریس کانفرنس میں نئے سوالات اٹھا کر سیبی چیئرپرسن کی حقیقت بے نقاب کر دی ہے۔

تازہ پریس کانفرنس میں پون کھیڑا نے کہا کہ ’’گزشتہ کئی دنوں سے لگاتار ہم نے سیبی چیئرپرسن مادھبی پوری جی کے سلسلے میں کئی انکشافات کیے۔ ہم نے کئی بار بینکوں اور کمپنیوں سے سوال کیے، ان میں سے کچھ نے جواب میں بتایا کہ ہم نے اگورا کو پیسہ دیا تھا۔ لیکن ہم نے جو سوال مہندرا اینڈ مہدرا کمپنی سے کیے تھے، ابھی تک اس کا جواب نہیں آیا ہے۔ جس میں ہم نے بتایا تھا کہ مہندرا اینڈ مہندرا نے مادھبی جی کے شوہر دھول بُچ کو اور ان کی کمپنی اگورا کو پیسہ دیا تھا۔‘‘

پون کھیڑا نے سیبی چیئرپرسن پر یہ الزام عائد کیا کہ ’’مادھبی پوری بُچ جی سیبی میں رہتے ہوئے 23-2017 کے درمیان لسٹیڈ سیکورٹیز میں ٹریڈنگ کر رہی تھیں۔ اس دوران انھوں نے تقریباً 37 کروڑ روپے کی ٹریڈنگ کی، جو کہ سیدھے سیدھے سیبی کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔ ایسے میں سوال ہے کہ مادھبی جی نے کیوں جھوٹ بولا کہ اگورا ایک ڈورمینٹ کمپنی ہے۔ پھر مادھبی جی نے جھوٹ بولا کہ جب میں اپنا گھر کرایہ پر دے رہی تھی، تب مجھے نہیں پتہ تھا کہ وہ کمپنی ووکہارٹ سے جڑی ہے۔‘‘

اس درمیان پون کھیڑا نے مادھبی بُچ کے سامنے جو نئے سوالات رکھے وہ بہت اہم تھے۔ انھوں نے کہا کہ ’’مادھبی پوری بُچ کے پاس 21-2017 کے درمیان میں کچھ بیرون ملکی ایسٹس تھے، ایسے میں ہم پوچھنا چاہتے ہیں: مادھبی جی نے حکومت کی کس ایجنسی کو پہلی بار اپنے بیرون ملکی ایسٹس کی جانکاری دی تھی؟ کیا مادھبی جی اگورا پارٹنرس پی ٹی ای سنگاپور سے جڑی نہیں تھیں؟ مادھبی جی چائنیز فنڈ میں سرمایہ کاری کیوں کر رہی تھیں؟‘‘


Share: